کنداپور، 2 / دسمبر (ایس او نیوز) تعلقہ کے گمولی میں واقع ڈیم کے قریب تیرنے کے دوران پانی میں ڈوبنے سے دو کم عمر لڑکے فوت ہوگئے جن کی شناخت شریش اچاریہ (13 سال) اور جئینت نائک (14 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔
بتایا جاتا ہے کہ شریش اور جئینت سمیت چار اسکولی لڑکے گمولی چرچ کے پیچھے ڈیم کے پانی میں تیرنے کے لئے گئے تھے ۔ اس دوران شریش پانی میں پھسل گیا تو اسے بچانے کے لئے جئینت نے چھلانگ لگائی اور دیکھتے ہی دیکھتے یہ دونوں لڑکے غرقاب ہوگئے ۔ دیگر دو لڑکوں نے شور مچایا تو مقامی لوگ موقع پر پہنچ گئے اور غرقاب ہونے والے لڑکوں کی تلاش شروع کر دی ۔
اس حادثے کی اطلاع ملنے شنکر نارائن پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقامی افراد کے تعاون سے پانی کے اندر سے لڑکوں کی لاشیں باہر نکالی گئیں ۔
شنکر نارائن پولیس نے کیس درج کیا ہے ۔ مزید تحقیقات جاری ہے ۔